کاروار 29؍اگست (ایس او نیوز)شہر کے کوڈی باغ علاقے میں کالی ندی کے کنارے گنیش کی مورتیاں ڈبونے کی سہولت ختم ہونے کی وجہ سے ضلع انتظامیہ کے خلاف مقامی عوام کی طرف سے عدالتی کارروائی کی تیاری کیے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
مقامی عوام کا الزام ہے کہ جس جگہ گنیش کی مورتیاں ڈبوئی جاتی تھیں اس مقام پر ندی کنارے باغ تعمیر کرنے کے لئے ٹھیکیدار کو سہولت فراہم کی گئی اور ندی میں بڑے بڑے پتھر ڈال کر جٹّی (دھکہ)بنانے اور ندی کا علاقہ ڈھک جانے کی وجہ سے وہاں ایک زمانے سے چلی آرہی گنیش کی مورتیاں وسرجن کرنے کی سہولت ختم ہوگئی ہے۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے یہ حرکت ٹھیکے دار کے مفاد میں کی ہے اور عوام کو گنیش وسرجن کے لئے کوئی دوسری مناسب سہولت بھی فراہم نہیں کی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ عوام نے ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی طرف سے سی آر زیڈ قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے اور کالی ندی میں گنیش مورتیاں نہ ڈبونے کے احکام کو عوام کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے والے اقدام کے طور پر لیا ہے اور اس کے خلاف بی جے پی کے ایک قائد ایڈوکیٹ ناگراج کی قیادت میں عدالتی کارروائی کی تیاری کی جارہی ہے۔